ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / لوڑھا کمیٹی کی سفارشات پر بی سی سی آئی کرے گا فیصلہ:گنگولی

لوڑھا کمیٹی کی سفارشات پر بی سی سی آئی کرے گا فیصلہ:گنگولی

Tue, 02 Aug 2016 20:34:13    S.O. News Service

اندور، 2 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ملک کے کرکٹ میدان میں شفافیت اور اصلاحات کے لیے سپریم کورٹ کی طرف سے مقررکردہ جسٹس (ریٹائرڈ)آرایم لوڈھا کمیٹی کی سفارشات پر بنگال کرکٹ یونین کے صدر اورہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے پنی نجی رائے ظاہر کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ان سفارشات پر بی سی سی آئی فیصلہ کرے گا۔گنگولی نے مدھیہ پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کی سالانہ تقریب برائے تقسیم ایوارڈ میں شامل ہونے کے بعد کل دیر رات نامہ نگاروں سے کہاکہ لوڈھا کمیٹی کی سفارشات پر بی سی سی آئی فیصلہ کرے گا اور ہم اسی حساب سے چلیں گے۔ہمیں تھوڑا وقت دیجئے، کیونکہ اس مسئلے کو حل کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا، دیکھتے ہیں کہ آگے کیا ہوتا ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ موجودہ کرکٹ منتظم اور سابق کرکٹر کے طور پر لوڈھا کمیٹی کی سفارشات پر ان کی کیا رائے ہے؟ تو انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے، اس لیے اس سلسلے میں میرا عوامی تبصرہ مناسب نہیں ہوگا ۔گنگولی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں ہندوستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز اب ویسی ٹیم نہیں رہ گئی ہے، جیسی وہ کسی زمانے میں ہوا کرتی تھی۔سابق ہندوستانی کپتان نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ وراٹ کوہلی بڑے کھلاڑی ہیں،وہ لمبے وقت تک ہندوستانی کرکٹ کی خدمت کریں گے، وہ دنیا کے عظیم کھلاڑی بنیں گے۔گنگولی نے ایم پی سی اے کے جن نوجوان کرکٹروں کو الگ الگ حصولیابیوں کے انعامات سے نوازا، ان میں نمن اوجھا، اویس خان، راہل باتھم اور رجت پاٹیدار شامل ہیں۔ایوارڈ تقسیم تقریب میں ایم پی سی اے کے چیئرمین جیوتی رادتیہ سندھیا اور اس تنظیم کے صدر سنجے جگدالے بھی موجود تھے۔


Share: